Thursday, 28 March 2024, 05:28:41 pm
گورنر پنجاب نے 1973 کے آئین کوانتہائی جامع دستاویز قراردیا
May 05, 2023

پنجاب کے گورنر محمد بلیغ الرحمان نے 1973 کے آئین کوانتہائی جامع دستاویز قراردیا ہے جس میں تمام رہنما اصول اسلام سے حاصل کیے گئے ہیں۔

1973ء کے آئین کی ڈائمنڈ جوبلی کے حوالے سے ریڈیوپاکستان لاہور کے نمائندے سجاد پرویز کو ایک خصوصی ریڈیو پوڈ کاسٹ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آئین میں واضح طورپر کہاگیا ہے کہ اقتدار اعلی صرف اﷲ تعالی کے پاس ہے ۔

انہوں نے کہاکہ آئین کے مطابق ملک میں اسلام کی روح کے خلاف کوئی قانون منظور نہیں کیاجاسکتا۔1973ء کے آئین کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ یہ لوگوں کو نقل وحرکت اجتماع کرنے، تنظیم سازی اور تقریر کی آزادی اور اطلاعات کا حق فراہم کرتا ہے ۔محمد بلیغ الرحمن نے نوجوانوں کو ان کے حقوق وفرائض سے آگاہ کرنے کیلئے ایک حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت پرزوردیا ۔یونیورسٹیوں کے چانسلروں کی حیثیت سے اپنے کردار کی وضاحت کرتے ہوئے بلیغ الرحمن نے کہاکہ یونیورسٹیوں میں اصلاحات لانے کیلئے کنسورشیم بنائے گئے ہیں جن کا اہم مقصد عوام کو ماحولیاتی تبدیلی، خواتین کو بااختیار بنانے اور ٹیکنالوجی کے استعمال جیسے ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے متعلق عوام میں بھرپور آگاہی پیدا کرنا ہے۔