اطلاعات ونشریات کے پارلیمانی سیکرٹری دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کی بنیادی شہری ضروریات تک رسائی یقینی بنانے کو ترجیح دے رہی ہے۔
اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت کی انتھک کوششوں کی بدولت معیشت ترقی کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے اپنی فعال معاشی پالیسیوں کے ذریعے بجلی کی قیمت میں کمی کرکے قوم کو تحفہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا وفاقی حکومت کا رمضان امدادی پیکج چالیس لاکھ سے زائد افراد کو دیا گیا اور پنجاب حکومت کا راشن پیکج تیس لاکھ سے زائد افراد کو فراہم کیاگیا۔
پارلیمانی سیکرٹری نے کہاکہ تعلیم جیسے دوسرے شعبوں میں بھی بہتری نظر آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا مقصد تمام شہریوں کیلئے اعلی معیار زندگی یقینی بناتے ہوئے انہیں سڑکوں، ہسپتالوں اوربجلی جیسا بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کیلئے ہنر کی ترقی کے پروگرام ، چھوٹے کاروباری قرضوں کا اجراء اور جدید حفظان صحت کی سہولیات کی فراہمی سمیت مرکزی دھارے کے جاری اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔