Monday, 09 September 2024, 04:48:36 pm
 
وزیر داخلہ کا مذہبی سکالرز پر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنے پر زور
September 04, 2024

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشترکہ بیانیہ تشکیل دینے کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء سے مشاورت کی جائے گی۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد سے آج (بدھ) اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک بھر میں علماء سے مشاورت کی مہم جلد شروع کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے منفرد کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا اس سے قبل بھی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں علماء کرام نے قوم کی رہنمائی کی اور اس کی اب بھی ضرورت ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور دشمن ملک میں افراتفری کے ذریعے قومی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔انہو ں نے اجتماعی کوششوں کے ذریعے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران قیام امن، دہشت گردی و فرقہ واریت کے خاتمے، بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے اقدامات کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے اپنی بہادر افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے ملک میں امن کے قیام کے لئے وزیر داخلہ محسن نقوی کی کوششوں اور کاوشوں کو سراہا۔