وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ یہ پاکستان کا اہم شہر ہونے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
وہ اسلام آباد میں تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے وزیرڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے اور اتحادیوں کے تعاون سے ملکی ترقی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
اس موقع پر وفد نے معیشت کی مجموعی ترقی اور ملک کے معاشی مراکز خصوصاً کراچی کے عوام کی خوشحالی کے لیے تجاویز پیش کیں۔
وفد نے برآمدی صنعت کو فروغ دینے کیلئے کاروبار دوست پالیسیوں اور اقدامات پر وزیراعظم کو سراہا۔