مذہبی امور کے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ حکومت مدارس میں جدید تعلیم کی فراہمی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کوتیار ہے۔
آج(منگل) اسلام آباد میں جامعہ محمدیہ کے دورے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دینی مدارس کے اندر ایسے کورسز کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا جو طلباء کو اپنی دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف پیشوں کی تربیت حاصل کرنے کے قابل بنائیں۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ وفاق المدارس کا تعلیمی اور امتحانی نظام بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ ہے اور تعلیمی اداروں کے لیے ایک مثال ہے۔
انہوں نے اسلام کی ترویج و اشاعت میں مذہبی سیمیناروں، مساجد اور علما ء کے بنیادی اور کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔