وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے توانائی کے اچھے انداز میں استعمال اور اس کے ضیاع کو روکنے کیلئے انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈ 2023پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر توانائی نے تمام چیف سیکرٹریز ، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم اور تمام وفاقی وزراء کو لکھے جانے والے خط میں کیا۔
وفاقی وزیر نے اپنے خط میں تعمیراتی شعبے میں توانائی کے بہتر انداز میں استعمال کے ذریعے توانائی کے شعبے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کی دو نکاتی تجویز پیش کی۔
اس حکمت عملی میں متعلقہ ترقیاتی حکام ، بلڈنگ کنٹرول حکام ، میونسپل کمیٹیوں اور مقامی حکومتوں کے موجودہ ضوابط میں نظرثانی اور انہیں ECBCدو ہزار تئیس میں ضم کرنا شامل ہے۔ اس میں مذکورہ کوڈ کا سالانہ ترقیاتی پروگرام میں انضمام بھی شامل ہے تاکہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے اس پر اعتماد اظہار کیااورکہاکہ اس کوڈ سے آپریشنل لاگت میں کمی آئے گی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مدد ملے گی۔