Thursday, 26 December 2024, 02:52:27 pm
 
جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کی اقوام متحدہ سے بھارتی جیلوں میں نظربندکشمیریوں کی حالت زار کا نوٹس لینے کی اپیل
December 02, 2024

فائل فوٹو

بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں وکشمیر کے جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی جیلوں میں نظربندکشمیریوں کی حالت زار کا نوٹس لیں۔

دونوں تنظیموں کے سیکرٹری جنرلز کو لکھے گئے خطوط میں تشدد، قید تنہائی اور طبی سہولیات سے محرومی جیسے واقعات کو اجاگر کرتے ہوئے نظربند کشمیریوںکی رہائی کیلئے عالمی مداخلت پر زور دیا۔

ادھر بھارت نے پیرا ملٹری بارڈر سکیورٹی فورس کی دو اضافی بٹالین کو اوڈیشہ سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے جموں علاقے میں منتقل کردیا ہے۔

تجزیہ کاروں کے نے کہا ہے کہ یہ تعیناتی علاقے میں حالات معمول پر لانے کے بھارتی حکومت کے دعوؤں کی نفی کرتی ہے۔

دوسری جانب کشمیری کسانوں اور تاجروں نے سرینگر میں رنگ روڈ پر سیٹلائٹ کالونیاں تعمیرکرنے کے بھارتی حکام کے منصوبے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خبردارکیاہے کہ اسے زرعی زمینوں کو شدیدنقصان پہنچے گا۔

انہوںنے کہاکہ زرخیز زمین پر قبضے، کشمیر کی معیشت کو کمزور اور آبادی کاتناسب تبدیل کرنا مودی حکومت کی وسیع تر پالیسی کا حصہ ہیں۔

کسانوں نے کہا کہ اس طرح کے منصوبے زرعی تباہی کا باعث بنیںگے جس سے کشمیری عوام معاشی طور پر کمزور اور بے زمین ہو جائیں گے۔