Sunday, 05 January 2025, 02:56:14 am
 
پاکستان نے سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کی حیثیت سے اپنی مدت کاآغازکردیا
January 02, 2025

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر اپنی آٹھویں دوسالہ مدت کا باضابطہ آغاز کردیا ہے۔

پاکستان نے اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور مقاصد کے فروغ میں فعال کردار ادا کیا ہے اور اس نے بین الاقوامی امن و سلامتی میں بھی نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

پاکستان دنیا بھر میں امن مشنوں میں اپنی افواج بھیج کر امن کے قیام میں کردارادا کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے۔

پاکستان کو2024 میں جنرل اسمبلی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب کیا تھا اور اس نے ایشیائی نشست میں جاپان کی جگہ لی۔

پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے ایکس پلیٹ فارم کی پوسٹ پر کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر غیر ملکی تسلط کے تحت عوام کے حق خودارادیت سمیت اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور مقاصد کے فروغ میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کونسل کے دوسرے رکن ممالک کے ساتھ امن و سلامتی کے فروغ کے لئے کام کرے گا۔

اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے فعال اور تعمیری سوچ اختیار کرے گا۔