Monday, 17 March 2025, 05:04:38 pm
 
چینی صنعت کی منتقلی سے ملکی معیشت مزید مستحکم ہو گی، وزیراعظم
August 01, 2024

وزیراعظم نے کہاہے کہ مختلف شعبوں میں پاک چین مشترکہ منصوبے اور چینی صنعت کی منتقلی سے ملکی معیشت مزید مستحکم ہو گی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان کان کنی اورمعدنیات ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، برآمدی اور صنعتی زونز اور چین سے صنعت کی منتقلی سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں سے پاکستان کی معیشت کومزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں چین کے اعلیٰ سطح کے ایک وفد سے ملاقات میں کہی۔

شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون سے سرمایہ کاری، صنعت ، زراعت ، خصوصی اقتصادی زونز اور زرعی شعبوں سے متعلق دوطرفہ انتظامات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنی زرعی برآمدات کو چینی منڈی کی ضروریات کے مطابق مزید مسابقتی اور معیاری بنا کر بڑھا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے وفد کو وفاقی کابینہ کی جانب سے چینی شہریوں کیلئے ویزہ فیس ختم کرنے کے فیصلے کے بارے میں بتایا جس کا اطلاق اس ماہ کی چودہ تاریخ سے ہوگا ۔انہوں نے چند ماہ قبل بشام میں چینی باشندوں کی ہلاکتوں پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے پاکستان میں چینی شہریوں کومکمل سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔