Friday, 30 October 2026, 12:15:34 pm
 
وزیراعظم کا پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر زور
October 30, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں برادر ممالک کے سیاسی اور تزویراتی تعلقات کے مطابق اقتصادی شراکت داری قائم کی جانی چاہیے۔

وہ اسلام آباد میں جمہوریہ ترکیہ کے قیام کی ایک سو تین ویں سالگرہ کے موقع پرایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ ایک بڑی اقتصادی قوت، دفاعی ٹیکنالوجی میں پیشرو اور فراخ دل انسانی ہمدردی کے سب سے زیادہ عطیات دینے والے دنیا کے ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔انہوں نے گزشتہ سال بھارت کے خلاف معرکہ حق کے دوران پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہنے پر ترکیہ کو سراہا۔

شہباز شریف نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے مکہ معاہدے کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا جو مشترکہ دفاعی صلاحیت اور علاقائی امن و استحکام کے متفقہ عزم کو مضبوط بناتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی قانون کے احترام اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت جاری رکھے گا۔

ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزیروغلو نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مضبوط اقتصادی شراکت داری قائم کرنے اور اپنے تزویراتی اتحاد کو مزید گہرا بنانے کے لئے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون کی مثال قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے مکہ دفاعی معاہدے اور بدر مفاہمتی یادداشت کو دونوں ممالک کے تعلقات میں تازہ ترین سنگ میل قرار دیا۔