Wednesday, 24 June 2026, 12:28:52 am
 
ایران اور امریکہ کے تکنیکی مذاکرات سے خطے میں امن و استحکام کے نئے دور کا آغاز ہوگا، وزیراعظم
June 23, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ “اسلام آباد مفاہمتی یادداشت” کے تحت ایران اور امریکہ کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات سے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

اسلام آباد میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ امر باعثِ اطمینان ہے کہ وہ جنگ ختم ہو گئی جو پورے خطے اور اس سے باہر بھی پھیل سکتی تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ایران محض ہمسایہ نہیں بلکہ بھائی ہیں، جو صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت اور تہذیب کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ 

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کا ایک برادر اور دوست ملک ہے جس کے ساتھ گہرے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات قائم ہیں۔

 انہوں نے علاقائی استحکام کے لیے اہم تاریخی موقع پر پاکستان کے ذمہ دارانہ اور بصیرت افروز کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے مشکل وقت میں مذاکرات اور مشاورت کے عمل کی بھرپور حمایت کی۔