Tuesday, 23 June 2026, 08:19:31 pm
 
نائب وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو قابل اعتماد لائحہ عمل قراردیا
June 23, 2026

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو مستقبل کے مذاکرات کیلئے ایک قابل اعتماد لائحہ عمل اور نہایت سوچ سمجھ کر تیار کی گئی دستاویز قرار دیا ہے۔

انہوں نے العریبیہ ٹیلی ویژن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کے لیے اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں سینتالیس برس میں پہلی مرتبہ دونوں فریقوں کو ایک میز پر لانے میں مدد ملی۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے علاقائی اورعالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ثالثی کی کوششیں کیں اور مذاکرات کی کامیابی یقینی بنانے میں معاونت فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے پر دستخط کرنے والے فریقوں کے ارادوں پر کسی کو کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کاروں کو بعض امور پر کام مکمل کرنے کیلئے تیس دن دیے گئے ہیں جبکہ حتمی معاہدہ ساٹھ دن کے اندر طے پانے کی توقع ہے۔

انہوں نے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو اس صورتحال پر بحال کیا جانا چاہئے جواٹھائیس فروری کو تنازع شروع ہونے سے پہلے تھی۔

انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ ساٹھ دنوں کے دوران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر کسی قسم کی راہداری یا سروس فیس عائد نہیں کی جائے گی۔

نائب وزیراعظم نے طے شدہ مدت کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے مذاکرات کے طریق کار کے بارے میں کہا کہ اس وقت واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات میں تین تکنیکی ٹیمیں شامل ہیں۔