Saturday, 27 July 2024, 12:16:59 pm
امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی پاکستان کیلئے خدمات قابل فخر ہیں ،مسعودخان
February 23, 2024

امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ ہمیں امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی اور انکی امریکہ اور پاکستان میں خدمات پر فخر ہے۔

سفیر پاکستان نے ان خیالات کا اظہار امریکہ میں مقیم معروف پاکستانی تعلیمی ادارے نسٹ کے طلبا کی جانب سے قائم کردہ تنظیم نسٹیئن کی قیادت کے ساتھ ای میٹنگ کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی پیشہ ور افراد اور ماہرین نہ صرف اپنے متعلقہ شعبوں میں ایک منفرد شناخت بنا رہے ہیں بلکہ وہ اپنے آپ کو پاکستان اور امریکہ کا سب سے زیادہ پائیدار رابطے کا ذریعہ ثابت کر رہے ہیں۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ نسٹیئن نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے تقریبا 1200 سابق طلبا کا ایک مضبوط نیٹ ورک ہے جو فلاحی، تعلیمی، سائنسی اور ادبی سرگرمیوں میں سرگرم عمل ہے۔

سفیر پاکستان کو تنظیم کی تاریخ اور حاصل شدہ کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے صدر نسٹیئن ڈاکٹر عظیم سرور نے بتایا کہ تنظیم 07 علاقائی اور 17 مقامی ابواب پر مشتمل ہے اور اس کے ممبران امریکہ کی 180 معروف کمپنیوں اور 20 سے زیادہ یونیورسٹیوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے سفیر پاکستان کو سمر ریسرچ انٹرن شپ پروگرام، گریجویٹ کوچنگ، اڈاپٹ اے اسکالر پروگرام، نسٹ سے فارغ التحصیل امریکہ میں موجود طلبا سے رابطہ کاری اور ان کا ڈیٹا بیس، ملازمت کی تلاش اور فنڈز اکٹھا کرنے کی کوششوں سمیت دیگر مختلف سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

سفیر پاکستان نے امریکہ میں پاکستانی پروفیشنل حضرات کا ایک مضبوط نیٹ ورک قائم کرنے پر نسٹیئن قیادت کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے نسٹیئن کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور ان کے مشن میں سفارت خانے کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔