Friday, 18 October 2024, 09:21:52 am
 
ایس سی او رکن ممالک کیساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں،وزیراعظم
October 17, 2024

شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ZHANG MING نے جمعرات کے روزاسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہبازشریف سے ملاقات کی۔

ان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے تنظیم کے رکن ممالک اور پورے خطے کے مفاد میں تنظیم کی ترقیاتی ترجیحات کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تنظیم کو زیادہ موثر اور مضبوط بنانے کے لئے اس کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سبکدوش ہونے والے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے زینگ منگ کی شاندار خدمات پر شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔زینگ منگ نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے کامیاب انعقاد اور اس کے مثبت نتائج پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی تعریف کی اور شنگھائی تعاون تنظیم کے صدر کی حیثیت سے پاکستان کے قائدانہ کردار پر اطمینان کا اظہار کیا۔