Friday, 18 October 2024, 09:20:16 am
 
پاکستان اور منگولیا مشترکہ وزارتی کمیشن بنانے پر متفق
October 17, 2024

 وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے منگولیا کوپاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی مفید تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہان حکومت کونسل کے اجلاس کے موقع پر منگولیا کے وزیراعظم Luvsannamsrain Oyun Erdene سے ملاقات میں کہی۔وزیراعظم نے اپنے ہم منصب کا گرمجوشی سے استقبال کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے دورے سے دوطرفہ تعلقات کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوا ہے۔وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے آئندہ سال کو پاکستان منگولیا دوستی کا سال قرار دینے کی تجویز دی۔منگولیا کے وزیراعظم نے اس موقع پر شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے کامیاب انعقاد پر شہبازشریف کو مبارکباد دی۔انہوں نے تنظیم کی سربراہان حکومت کونسل کے صدر کی حیثیت سے پاکستان کے قائدانہ کردار کی بھی تعریف کی۔منگولیا کے وزیراعظم نے مشترکہ کوششوں اور تعاون سے پاکستان کے ساتھ مضبوط قریبی دوطرفہ تعلقات کے قیام کی خواہش ظاہر کی۔دونوں رہنماؤں نے تجارت، سیاحت، زراعت اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے مشترکہ وزارتی کمیشن کی تشکیل پر اتفاق کیا۔ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو وسعت دینے کیلئے بین الپارلیمانی یونین قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔