وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان امریکی کمپنیوں سے براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) کے لیے تیار ہے اور اس سال پہلی بار 200 ملین ڈالر سے 250 ملین ڈالر تک کا پانڈا بانڈ جاری کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
یہ بیان انہوں نے اپنے دورۂ امریکہ کے دوران بلومبرگ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے دیا، جہاں وہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) اور عالمی بینک کے موسم بہار کے اجلاسوں میں شرکت کر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان امریکہ سے مزید کپاس اور سویا بین خریدنے کا خواہش مند ہے، غیر ٹیرف رکاوٹوں کو ختم کرنے پر بھی بات چیت جاری ہے تاکہ امریکی مصنوعات کے لیے پاکستانی منڈیوں کے دروازے کھل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی مصنوعات پر پاکستان میں کوئی غیر ضروری جانچ پڑتال یا رکاوٹیں ہیں تو اس کا جائزہ لینے کو تیار ہیں۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ آنے والے مہینوں میں ایک تجارتی وفد واشنگٹن کا دورہ کرے گا تاکہ تجارتی خسارے کو کم کیا جا سکے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکومت 2023 میں دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچنے والی معیشت کو دوبارہ سنبھالنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے اور ملک کو 2.3 بلین ڈالرز کے IMF قرضے کی ابتدائی منظوری حاصل ہو چکی ہے جو اسے 2027 تک مالی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔
وزیر خزانہ نے یہ بھی بتایا کہ فِچ نے پچھلے ہفتے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کیا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی ادارے پاکستان میں IMF قرضے کے تحت اصلاحات پر اعتماد رکھتے ہیں۔