Monday, 21 September 2026, 06:41:43 pm
 
صدر اور وزیراعظم کا عالمی امن کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ
September 21, 2026

صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے بین الاقوامی امن اور اقوام متحدہ کی مرکزی حیثیت کے ساتھ ایک مضبوط، موثر اور جامع کثیرجہتی بین الاقوامی نظام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

آج منائے جانے والے 'امن کے بین الاقوامی دن' کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے پُرامن تصفیے اور تنازعات کی روک تھام اور اُن کے حل کے لیے مذاکرات، سفارتکاری اور اجتماعی اقدامات پر مبنی ایک جامع لائحہ عمل کی حمایت کرتا ہے۔

صدر نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان تنازعے کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں سمیت جہاں اقوام کو حقِ خودارادیت سے محروم رکھا جائے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد نہ ہو وہاں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی امن کو فروغ دینے میں اپنے تعمیری کردار پر فخر کرتا ہے۔

انہوں نے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ نفرت، عدم رواداری اور تعصب جیسی منفی قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور ہمدردی، مکالمے اور باہمی احترام کو فروغ دیں۔

انہوں نے کہا کہ امن کی ثقافت کو مضبوط بنانا حکومت، اداروں، سول سوسائٹی، مذہبی رہنماؤں، اساتذہ، ذرائع ابلاغ، برادریوں اور خاندانوں سمیت سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔