Friday, 20 September 2024, 04:43:55 am
 
صدر، وزیراعظم کی چین کو 75 ویں سالگرہ پردلی مبارکباد
September 19, 2024

صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر چینی عوام اور قیادت کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

 آج اسلام آباد میں چین کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے مشترکہ خوشحالی اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ہمیشہ کے  دوست اور امن اور ترقی میں شراکت دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی عوام  نے دوطرفہ دوستی کو سٹریٹجک تعاون میں تبدیل کرنے میں بے مثال کردار ادا کیا ہے۔

 صدر مملکت نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات کے باوجود ہماری دوستی ثابت قدم رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانے کے منتظر ہیں۔

صدر نے کہا کہ چین پاکستان کو ہمیشہ ایک قابل اعتماد پارٹنر، ایک قابل اعتماد دوست پائے گا اور ہمیں چین کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر ہے۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ آج یہ ایک  بڑا دن ہے کہ ہم اپنے عظیم دوست چین کی آزادی کی 75ویں سالگرہ مشترکہ طور پر منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب اس اہم تقریب کو منا کر بہت خوش ہیں۔

 وزیراعظم نے اس سال جون میں اپنے دورہ چین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے چینی دوستوں کی جانب سے گرمجوشی اور انتہائی دوستانہ استقبال سے بہت متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی عوام کے مابین دوستی ناقابلِ تسخیر ہے یہ دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہے۔