Friday, 20 September 2024, 04:43:39 am
 
پاکستان اور روس کا دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
September 19, 2024

 پاکستان اور روس نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے روابط بڑھانے کے علاوہ تجارتی اور معاشی تعلقات کو توسیع دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

 اس عزم کا اظہار آج(جمعرات کو) اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری اور پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے روس کے نائب وزیراعظم ALEXEI OVERCHUK کے درمیان ایک ملاقات کے دوران کیا گیا۔

 روس کے نائب وزیراعظم کا استقبال کرتے ہوئے صدر نے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے روابط کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اشیاء کے بدلے اشیاء کی تجارت کے امکانات تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

 انہوں نے عوامی اور کاروباری روابط میں سہولت اور اضافے کیلئے ویزے کے قواعدو ضوابط کو آسان بنانے اور ریلوے اور براہ راست پروازوں کے ذریعے رابطوں میں اضافے پر زور دیا۔

 ALEXEI OVERCHUK نے کہا کہ روس تحفظ خوراک، سائنس اور ٹیکنالوجی، تعلیم، روابط اور ریلوے میں پاکستان کے ساتھ تعاون میں اضافے کا خواہاں ہے۔

 انہوں نے کہا کہ روسی وزیراعظم کا پاکستان کا آئندہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اور موقع فراہم کرے گا۔