وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری کو سراہتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں ان کی کامیاب کوششوں کو اجاگر کیا ہے۔
انہوں نے اتوار کے روزلاہور میں اظہار تشکر کے حوالے سے ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع میں پاکستان کی بری، فضائی اور بحری افواج کی خدمات کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
عطاء اللہ تارڑ نے وزیراعظم شہبازشریف کی بصیرت افروز قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس امر کو اجاگر کیا کہ قومی دفاع یقینی بنایاگیا اور یہ ثابت کیا گیا کہ کوئی قوت پاکستان کی مسلح افواج کو شکست نہیں دے سکتی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے بریگیڈ ہیڈکوارٹرز کو تباہ کر کے انہیں سفیدپرچم لہرانے پر مجبور کر دیا جبکہ پاک فضائیہ نے دشمن کے لڑاکا طیاروں کو کامیابی سے مار گرایا۔
وزیر اطلاعات نے اس امر کو اجاگر کیا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان نے اطلاعاتی محاذپر انتھک کوششوں کے ذریعے بھارتی پراپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیا۔
انہوں نے پوری قوم بالخصوص سوشل میڈیا صارفین، صحافیوں اور اینکرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے بھارت کی طرف سے جھوٹی معلومات پھیلانے کی مہم کو بے نقاب کرنے اور اسے ناکام بنانے میں ان کے کردار کو سراہا۔
عطاء اللہ تارڑ نے قوم کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے خاندانوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ میا ں نواز شریف نے چھ ایٹمی تجربات کرکے دشمن کوتاریخی جواب دیا۔
انہوں نے کہا اس بار وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں دشمن کے چھ طیارے مار گرائے گئے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور استحکام کاخواہاں ہے تاہم جب دشمن امن کی اس خواہش کو کمزوری کی علامت سمجھے تو اسے منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بات چیت میں کشمیر‘ معاشی ترقی اور پاکستان کی ترقی کے تسلسل پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔