Thursday, 15 October 2026, 11:51:12 pm
 
پاکستان عمان کو ایک برادر ملک اور قابل قدر شراکت دار سمجھتا ہے: وزیراعظم
October 15, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان عمان کو ایک برادر ملک، بحری سرحدوں کے پار اہم ہمسایہ اور انتہائی اہم خطے میں ایک قابل قدر شراکت دار سمجھتا ہے۔

وہ عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے اسلام آباد میں اُن سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا آٹھواں اجلاس دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔

عمان کے وزیر خارجہ سید بدر نے کشیدگی کم کرنے اور علاقائی چیلنجز کے پُرامن حل کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے پروٹوکول کے علاوہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون سے متعلق معاہدوں اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔