Saturday, 19 April 2025, 12:32:59 pm
 
مودی کے دورے سے قبل مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں مزید سخت
April 15, 2025

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی افواج نے ہفتے کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے علاقے کے دورے سے قبل پابندیاں مزید سخت کردی ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چھاپہ مار کارروائیوں میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے اور سکیورٹی چیک پوائنٹس، آپریشنز اور ڈیجیٹل نگرانی میں زیادہ شدت آگئی ہے۔

سپیشل پروٹیکشن گروپ نے ضلع ریاسی کے علاقے کٹرا ضلع رئیسی میں سکیورٹی انتظامات سنبھال لیے ہیں جہاں نریندر مودی ایک پل کا افتتاح کریں گے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس کے سربراہ نے مودی کے دورے کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کے نام پرپابندیوں مزید سخت کرنے کیلئے اعلیٰ سطح کے اجلاسوں کی صدارت کی۔

بھارتی فورسز کی پونچھ اور ملحقہ اضلاع میں بھارتی فورسز کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔

اب تک 4000سے زائد کشمیریوں کوعدالتوں میں پیش کئے بغیرجیلوں میں نظربند کیا گیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کے لیے ریاستی دہشت گردی کا وحشیانہ استعمال کر رہا ہے۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ضلع بڈگام میں بھارتی پولیس کی طرف سے چھ کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنماء التجا مفتی نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس کشمیریوں کے مفادات کے برخلاف بی جے پی کا ساتھ دے رہی ہے۔

انہوں نے سرینگر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے بار ہا اقتدار کے حصول کے لیے عوامی مفادات کی قربانی دی ہے۔

انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس نے پیرس میں ایک بیان میں عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی تحقیقات کے لیے ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ علاقے میں بھجوائے۔

ایک بیان میں فورم نے کہاکہ اگست2019کے بعد کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لئے گئے ہیں۔

فورم نے اسے اجتماعی سزا قرار دیا اور عالمی سطح پراس کے محاسبے کا مطالبہ کیا۔