Saturday, 19 April 2025, 12:56:37 pm
 
بھارت تحریک آزادی کو دبانے کیلئے خوف و دہشت کی فضا پیدا کر رہا ہے،حریت کانفرنس
April 06, 2025

File photo

بھارت کے غیر قانونی طورپر زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ بھارت کشمیر کی تحریک آزادی کو دبانے کے لئے خوف و دہشت کی فضا پیدا کررہاہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبد الرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت حریت رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف ظالمانہ قوانین استعمال کرتے ہوئے انہیں خاص طور پر نشانہ بنارہی ہے۔

ترجمان نے بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ کے مقبوضہ جموںوکشمیر کے دورے کی مذمت کی اور کہا کہ وہ بھارتی فوج، پولیس اور ایجنسیوں کو یہ ہدایت دیتے رہے ہیں کہ آزادی کیلئے کشمیری عوام کی آواز کو دبایا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بھارت پاکستان اور کشمیری عوام کی حقیقی قیادت کے درمیان مذاکرات کے ذریعے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیاجانا چاہئے۔

ترجمان نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس نے بھارت اور مقبوضہ جموںوکشمیر وقف ترمیمی بل کے ذریعے مسلمانوں اور وقف بورڈز کی املاک پر قبضے کی سازش کی ہے تاکہ ان کی ثقافت اور شناخت ختم کی جا سکے۔