Saturday, 19 April 2025, 12:28:38 pm
 
مقبوضہ کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں گستاخانہ مواد کےخلاف احتجاج
April 05, 2025

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں ایک ہندوتوا کارکن کی طرف سے قرآن پاک کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد اپ لوڈ کیے جانے کے خلاف زبردست مظاہرے پھوٹ پڑے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے مجرم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا، گستاخانہ اقدام کے خلاف بھدرواہ میں مسلمانو ں نےہڑتال بھی کی۔

علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے اور مختلف مقامات پر بڑی تعداد میں بھارتی فورسز اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں جبکہ انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں ڈوڈہ میں گستاخانہ فعل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے اور کشمیریوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی دانستہ کوشش قرار دیا۔

ادھرانتظامیہ نے کشمیری مسلمانوں کی املاک کی ضبطی کا مذموم سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ضلع رام بن میں دو کشمیریوں محمد شریف اور محمد یونس کی دس کنال سے زائد زرعی اراضی ضبط کر لی ہے۔

اس اقدام کا مقصد مقامی آبادی کو معاشی لحاظ سے مفلوج کرنا، مقبوضہ علاقے میں ہندوئوں کی آبادکاری کی راہ ہموار کرنا اور کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی سازشیں تیزکرنا ہے۔

دوسری طرف ضلع کٹھوعہ میں بھارتی فوج کی کارروائی آج مسلسل چودھویں روز بھی جاری رہی جس کے دوران قابض فوج نے ایک خاتون اور دو کم عمر لڑکیوں سمیت چوبیس سے زائد افراد کو مجاہدین کی مدد کرنے کے بہانے گرفتار کرلیا۔