وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے موثر طریقے سے نمٹنے، سبز توانائی کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کے اہداف کی حمایت کے لیے جمہوریہ چیک سمیت بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون ضروری ہے۔
وہ باکو میں عالمی رہنمائوں کی کلائمیٹ ایکشن سمٹ کے موقع پر جمہوریہ چیک کے وزیر اعظم پیٹر فیالا سے گفتگو کر رہے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود ماحولیاتی استحکام اور موسمیاتی اثرات سے نمٹنے کے لئے اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
دونوں رہنمائوں نے کہاکہ اقتصادی ترقی اور مشترکہ علاقائی اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔شہباز شریف نے پاکستان کے تزویراتی محل وقوع اور وسطی ایشیا کے گیٹ وے کے طور پر اس کی صلاحیت پر بھی روشنی ڈالی اورچیک کاروباری اداروں کو توانائی، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں
سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی ہمارے وقت کے سب سے اہم مسائل میں سے ایک ہے، جس کے لیے اجتماعی عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔