پاکستان اور مراکش نے باہمی تربیتی پروگراموں، مشترکہ فوجی مشقوں اور صنعتی تعاون پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے موجودہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
اس خواہش کا اظہار پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور انسپکٹر رائل مراکش ائیر فورس میجر جنرل محمد Gadih کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں کیاگیا۔
ائیر چیف نے ائیر پاور ایپلی کیشن کے تمام شعبوں میں مشترکہ تربیتی اقدامات میں مکمل تعاون کے ذریعے فوجی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جس میں مراکش کی فضائیہ کے اہلکاروں کے لئے بنیادی اور حکمت عملی کی سطح کی تربیت شامل ہوگی۔
میجر جنرل محمد Gadih نے پاک فضائیہ کی تکنیکی مہارت کو سراہا اور مراکش کی فضائیہ کی اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے پاک فضائیہ کی خلائی صنعت کی ترقی سے استفادہ کرے گی۔
ملاقات میں فوجی تعاون، مشترکہ تربیت اور صنعتی شعبے میں تعاون سے متعلق امورپر تبادلہ خیال کیاگیا۔