Thursday, 14 November 2024, 10:17:08 pm
 
وزیراعظم سعودی عرب اورآذربائیجان کے کامیاب دورے کے بعداسلام آبادپہنچ گئے
November 14, 2024

وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب اور آذربائیجان کا کامیاب دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد پہنچ گئے۔

انہوں نے باکو آذربائیجان میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقدامات کے بارے میں کانفرنس کاپ 29میں پاکستان کی نمائندگی کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے مالی امداد کے وعدے پورے کرے۔

محمدشہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی کے لئے امداد کے بار ے میں گول میز کانفرنس کی میزبانی بھی کی جس میں کئی عالمی رہنمائوں نے شرکت کی۔

انہوں نے ترقی پذیر ممالک بالخصوص پاکستان کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی جس کاحصہ نقصان دہ اور آلودگی پھیلانے والی گیسوں کے اخراج میں سب سے کم ہے لیکن موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے شدید متاثر ہے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے تاجک صدر کی جانب سے گلیشیئرز کے تحفظ کے لئے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی تقریب "گلیشیئرز 2025: ایکشن فار گلیشیئرز" میں شرکت کی۔

محمدشہباز شریف نے باکو میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقدامات کے بارے میں کانفرنس کاپ29کے موقع پر عالمی رہنمائوں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی کیں۔

ان رہنمائوں کے ساتھ ملاقاتیں بہت نتیجہ خیز رہیں جس سے برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

سعودی عرب میں وزیراعظم نے ریاض میں غیر معمولی عرب اسلامی مشترکہ سربراہ اجلاس میں شرکت کی جس میں انہوں نے غزہ سمیت فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی مظالم پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔