وزیراعظم محمد شہبازشریف نے مشترکہ شراکت داری کے ذریعے ڈنمارک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وہ آذربائی جان کے دارالحکومت باکو میں کاپ انتیس کانفرنس کے موقع پر ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈرکسن سے گفتگو کررہے تھے۔
دونوں رہنمائوں نے سیاست تجارت سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر بات چیت کی جس میں گرین ٹرانزیشن اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں پر خصوصی
زور دیا گیا۔
انہوں نے دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی کی اہم ترجیحات پر عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا تاکہ کرہ ارض کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچایا جا سکے۔
ڈنمارک کی وزیر اعظم نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور عالمی مسائل سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا۔