Tuesday, 13 May 2025, 06:41:55 pm
 
صدر،وزیراعظم کا معرکہ حق کے شہداء کوخراج عقیدت
May 13, 2025

صدر آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے اُن بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے مادر وطن کی سلامتی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں افواج پاکستان نے بھارت کی عددی برتری کی خوش فہمی اور غرور کو خاک میں ملا دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان کے بہادر افسران اور جوانوں نے وطن کی حفاظت کا اپنی قوم سے کیا ہوا عہد پورا کیا۔

وزیراعظم نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 15 کم سن بچوں اور 7 خواتین سمیت 40 معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہاربھی کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص سے ہماری بہادر افواج نے دشمن کاغرور خاک میں ملادیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت کی کھلی جارحیت نے پوری پاکستانی قوم کو مزید متحد اور مضبوط کردیا ہے۔

صدر مملکت نے بھارتی حملوں کے دوران بچوں اور خواتین سمیت قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔