وزیراعظم شہبازشریف نے ٹیکس دائرئہ کار میں اضافے کے ذریعے عام آدمی پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار آج اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ٹیکس دائرہ کار کو بڑھانے اور ٹیکس وصولیوں میں اضافے کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے افراد اور شعبے جو ٹیکس ادا کرنے کی استعداد رکھتے ہیں اور ٹیکس نہیں دیتے، انہیں ٹیکس دائرئہ کار میں لایا جائے۔
شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹیکس چوری میں ملوث افراد اور شعبوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ ٹیکس چوروں کی معاونت کرنے والے افسران اور اہلکاروں کا بھی کڑا احتساب کیا جائے اور ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔
وزیراعظم نے سیمنٹ اور دیگر شعبوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ آئندہ ماہ تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ٹیکس سے متعلق زیر التوا مقدمات کی موثر انداز سے پیروی کرتے ہوئے قوم کے پیسے کی وصولی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت مستحکم ہے اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔
انہوں نے ملکی ترقی کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔