ڈائریکٹر جنرل پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن سعید احمد شیخ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ریڈیو پاکستان عوام میں شعور بیدار کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے پاکستان کے لئے ایک زیادہ پائیدار اور ماحولیات کے لحاظ سے محفوظ مستقبل کی تعمیر کے لئے زندگی کے تمام شعبوں کی اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔
ریڈیو پاکستان کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر میں ریڈیو پاکستان کے سامعین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ماضی کی طرح ریڈیو پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔
پاکستان کے وسیع جغرافیائی تنوع کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے نشاندہی کی کہ پنجاب کا خطہ خاص طور پر موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہے، گلیشیئر پگھلنے سے تباہ کن سیلاب آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ان سیلابوں نے ملک کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا تھا۔
ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ ریڈیو پاکستان کے سٹیشنز ملک بھر میں فعال طور پر ایسے پروگرام نشر کر رہے ہیں جن کا مقصد ماحولیاتی مسائل کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ ان میں درخت لگانے کی مہم، کوڑا کرکٹ جلانے کے مضر اثرات اور کاربن کے اخراج کو روکنے کی ضرورت شامل ہے۔