Friday, 26 April 2024, 05:38:38 pm
وزیراعظم کی ڈیمز تعمیر کیلئے عطیات کی اپیل، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا خیر مقدم
September 09, 2018

 وزیراعظم عمران خان کے حالیہ خطاب سے جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا گیا کہ وہ دیامر بھاشا اور مہمندڈیموں کی تعمیر کیلئے عطیہ دیں سوشل میڈیا پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے درمیان زوردار بحث شروع ہوگئی ہے اور ڈیموں کے فنڈ میں فراخدلی سے حصہ لینے کے لئے ان میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین اپنی سوشل میڈیا والز پر پوسٹ کے ذریعے فنڈ کیلئے عطیہ دینے کی غرض سے دوسروں کی حوصلہ افزائی بھی کررہے ہیں اور فنڈ کے لئے عطیہ دینے کے ثبوت بھی میڈیا پر پوسٹ کررہے ہیں۔

سٹیٹ بینک نے بھی ایک سرکلر کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں اجراء اور وصول کرنے والے بینک بیرون ملک سے رقوم کی منتقلی پر کوئی سروس فیس نہیں لیں گے یہ منتقلی ادائیگی کارڈز کے ذریعے کی جائے گی۔

ادھر سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام 2018-19 ء کے تحت وفاقی حکومت ڈیم کیلئے تئیس ارب اڑسٹھ کروڑروپے مختص کرچکی ہے۔

اس سال اپریل کے اوائل میں قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کی منظوری دی تھی جس کا ابتدائی تخمینہ474 ارب روپے لگایا گیا تھا۔

تاہم اس پر آنے والی مجموعی لاگت تقریباً1400 ارب ہوگی جس میں بجلی گھر کی سہولتیں بھی شامل ہیں۔

اس بڑے منصوبے میں براہ راست64 لاکھ ایکڑ فٹ پانی محفو ظ کرنے کی گنجائش ہوگی اور اس کی پیداواری صلاحیت ساڑھے چار ہزار میگاواٹ ہوگی۔

تکمیل کے بعد منصوبے میں پانی محفوظ کرنے کی قومی صلاحیت45 دن ہو جائے گی اور تربیلا ڈیم سمیت ملک کے زیریں علاقوں میں موجود ذخائر کی گنجائش میں اضافہ ہوگا۔

 

قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے اپنی پہلی تنخواہ ڈیم فنڈ میں عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

قومی اسمبلی میڈیا ونگ کے مطابق سپیکر نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں یہ اعلان کیا اور لوگوں سے اپیل بھی کی کہ وہ ہمارے بچوں کے مستقبل کیلئے اس عظیم نصب العین میں حصہ لیں۔

اسد قیصر نے کہا کہ ہمیں پانی کو محفوظ کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ایک بڑی نعمت اور انسانی ضرورت ہے جس کی قدر کی جانی چاہئے۔

 

تاجروں نے ملک کو خشک سالی اور آبی قلت سے بچانے کے لئے حکومت کی طرف سے ڈیموں کی تعمیر کے پروگرام کی مکمل حمایت کااعلان کیا ہے۔

سارک کے ایوان صنعت و تجارت کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے آج (اتوار) اسلام آباد میں ایک بیان میں دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کو بروقت اقدام قرار دیا۔

پاکستان فر نیچر کونسل نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کے فنڈ کیلئے دس لاکھ روپے کا عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے آج (اتوار) ایک بیان میں کہا کہ وہ ا س نیک مقصد کیلئے مستقبل میں مزید فنڈز بھی دیں گے۔

 

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ڈیم فنڈ میں اپنی ایک سال کی تنخوا ہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایک بیان میں عمران اسماعیل نے کہاکہ آبی بحران ملک کیلئے بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کیلئے ڈیم تعمیر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

ممتاز گلوکار عاطف اسلم نے آج اسلام آباد میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملاقات کی اور ڈیم فنڈ کیلئے پچیس لاکھ روپے کا عطیہ دیا۔

 

 

Error
Whoops, looks like something went wrong.