بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت نے علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی مذموم کوششوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت اراضی پر قبضے' آبادیاتی تبدیلیوں اورمعاشی ترقی کو روکنے کی پالیسیوں کے ذریعے مسلم اکثریت والے جموں و کشمیر کو ہندو اکثریت والے علاقے میں بدلنے کی منظم کوششیں کررہاہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ستائیس اکتوبر1947 ء کو کشمیر میں اپنی فوجی مداخلت سے اب تک مقامی کشمیری آبادی کو ختم کرنے کی حکمت عملی پر عمل کررہاہے۔
ترجمان نے کہا کہ علاقے میں کشمیریوں کی املاک پر غیر قانونی قبضہ ' کشمیری سرکاری ملازمین کو ملازمت سے برطرف کرنا اور غیر کشمیری ہندوئوں کی آباد کاری' کشمیریوں کو سیاسی' ثقافتی اورمعاشی طور پر بے اختیار بنانے کے بھارت کے وسیع ایجنڈے کا حصہ ہے۔
ادھربھارتی فوج نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں محاصرے اور تلاشی کی بڑی کارروائی شروع کی ہے۔
فوج نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور گھر گھر تلاشی لی۔
بھارتی فوج، پولیس اور سینٹرل Reserve پولیس فورس نے مشترکہ طور پر کارروائی کی۔