کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج اور پولیس کشمیریوں کے حقوق پامال کررہی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارت کا ہر ادارہ کشمیریوں سے انتہائی ظالمانہ سلوک کررہا ہے اور ان کے بنیادی انسانی حقوق غصب کرتے ہوئے ان سے دشمنوں جیسا برتائو کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ جیسے ظالمانہ قوانین ختم نہیں کیے جاتے ،بھارتی فورسز اہلکاروں کے وحشیانہ مظالم کا سلسلہ بند نہیں ہوگا اور کشمیری اپنے حقوق سے محروم رہیں گے۔
انہوں نے حق خودارادیت اور رائے شماری کی حمایت کرنے والے حریت کارکنوں اور دیگر افراد کی املاک کی ضبطی پر بھارتی حکومت اوراس کی پولیس اوراداروں کی مذمت کی۔
حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہاکہ بھارتی حکام مسئلہ کشمیر پر موقف سے ہٹ رہی ہے انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیرکے حل کا واحد راستہ مذاکرات ہیں ۔