Thursday, 01 October 2026, 09:28:50 pm
 
وزیراعظم کا شہریوں کو ان کی دہلیز پر تیز، شفاف اور معیاری خدمات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ
October 01, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہریوں کو ان کی دہلیز پر تیز، شفاف اور معیاری خدمات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں "پاکستان آسان خدمت مراکز" کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو سرکاری خدمات کے حصول کیلئے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آسان خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کو ایک ہی چھت تلے متعدد سرکاری خدمات کی بروقت فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

شہباز شریف نے اسلام آباد میں پاکستان آسان خدمت مرکز کی توسیع کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مظفرآباد، گلگت اور اسکردو میں آسان خدمت مراکز پر جاری کام تیز کرنے اور ان سینٹرز کو جلد فعال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پشاور اور بنوں میں بھی آسان خدمت مراکز کے قیام کیلئے فوری اقدامات شروع کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے نجی شعبے کے ساتھ مل کر ملک کے دیگر علاقوں میں بھی آسان خدمت مراکز قائم کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال آسان خدمت مرکز اسلام آباد میں 1 لاکھ 71 ہزار سے زائد درخواستوں پر کارروائی کی جاچکی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آسان خدمت مرکز اسلام آباد کی خدمات پر 99.5 فیصد شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔