پنجاب میں کائونٹر نارکوٹکس فورس نے منشیات کے منظم نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 475 کلوگرام منشیات برآمد کر لی ہیں جبکہ ایک خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سی این ایف حکام کے مطابق بہاولپور ٹیم نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر 28 اور 29 مئی کی شب دو بڑی کارروائیاں کیں۔ یہ کارروائیاں لال سوہانرا نیشنل پارک بہاولپور کے قریب اور شاکر موڑ وہاڑی میں کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پہلی کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے 32 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی اور ملزم عبدالجبار کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کی نشاندہی پر شاکر موڑ وہاڑی میں فالو اپ آپریشن کیا گیا جہاں سے بھاری مقدار میں مزید منشیات برآمد ہوئیں۔
برآمد شدہ منشیات میں 382 کلوگرام چرس، 92 کلوگرام افیون اور ایک کلوگرام آئس شامل ہے۔ حکام کے مطابق قبضے میں لی گئی منشیات کی مجموعی مالیت تقریبا 78 ملین روپے ہے۔
سی این ایف نے کارروائی کے دوران ایک خاتون سمیت دو افراد کو گرفتار کیا جبکہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔