Thursday, 02 January 2025, 12:13:04 am
 
وزیر خزانہ کا برآمدات کے ذریعے ترقی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ
December 29, 2024

 وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے برآمدات کے ذریعے ترقی کو فروغ دینے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں کو اہم قرار دیا ہے۔

انہوں نے اتوار کے روز کمالیہ میں کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ پروگرام میں معیشت کے استحکام پر توجہ دی گئی ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے بڑے پیمانے پر اقتصادی استحکام کامیابی سے حاصل کر لیا ہے جو ملک کی مجموعی پیداوار کی ترقی کے لئے اہم بنیاد فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس کامیابی سے پاکستان کی معیشت آئندہ سال پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کا اقتصادی استحکام کا دعویٰ محض دعویٰ ہیں بلکہ آزاد ذرائع نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔

محمد اورنگزیب نے ٹیکسیشن، توانائی اور سرکاری ملکیتی کاروباری اداروں میں اصلاحات کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے ٹیکس وصولی کے عمل کو آسان بنانے، ڈیجیٹائزیشن یقینی بنانے اور انسانی مداخلت کم کرنے کے منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔

توانائی کے بارے میں وزیر خزانہ نے امیدظاہر کی کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی آئے گی اور اصلاحات اور نجی شعبے کی شمولیت سے DIscos میں نقصانات پر قابو پانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے اعادہ کیا کہ حکومت کا کام قواعد و ضوابط یقینی بنانا ہے جبکہ نجی شعبے کو معیشت کی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہئے۔

وزیر خزانہ نے کاشتکاروں اور متعلقہ فریقوں کو ان کی مشکلات کے ازالے کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا