Saturday, 04 January 2025, 03:39:15 pm
 
صدر،وزیراعظم کا سال2025ء میں مضبوط پاکستان کے لیے اجتماعی کوششوں پرزور
January 01, 2025

صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے نئے سال کے موقع پر پاکستانی عوام اور عالمی برادری کو مبارکباد دی ہے۔

اپنے تہنیتی پیغامات میں انہوں نے دوہزارپچیس میں نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھوک، غربت، جنگ، دہشت گردی، جرائم، فرقہ واریت اور طبقاتی تقسیم کے خاتمے کے لئے دعا کی۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لئے اتحاد، نظم و ضبط اور سخت محنت ضروری ہے۔

صدر نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کیاجائے اوران کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے معاشرے کے پسماندہ طبقات کی سہولت پر توجہ دی جانی چاہیے۔

نئے سال کی آمد پر اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم پر زور دیا کہ وہ 2025 میں ایک بہتر اور مضبوط پاکستان کے لیے اجتماعی طور پر کوشش کرے۔شہباز شریف نے کہا کہ ختم ہونے والا سال فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے لحاظ سے بدترین سال تھا، قابض افواج نے مظالم کی انتہاکردی۔ اسی طرح بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں ہمارے مظلوم بہن ، بھائی بھارئی قابض افواج کے مظالم کاشکار ہوئے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دوہزارپچیس میں فلسطین اوربھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیرآزادی کی جدوجہد میں کامیابی حاصل کریں گے۔

وزیراعظم نے ملک کی اقتصادی صورتحال کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ دوہزارچوبیس پاکستان کے لئے غیرمعمولی سال رہااس لئے کہ ہم نے دیوالیہ ہونے سے ترقی کی جانب قدم بڑھایا اور معاشی چیلنجز پرعزم وہمت کے ساتھ قابوپایا۔انہوں نے کہاکہ ہم نے مشکل لیکن ضروری فیصلے کئے جنہوں نے معیشت کو تباہی سے بچایا ، مجموعی معاشی استحکام بحال کیا، مالی خسارے پرقابوپایااوراپنے ذخائرکومستحکم کیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کودیگرچیلنجزکے علاوہ گزشتہ سال دہشتگردی کی لہرکاسامنا بھی کرناپڑاتاہم ہماری بہادرافواج جرات وبہادری سے مادروطن کاپرامن مستقبل یقینی بنانے کیلئے اپنے عزم پرقائم ہیں۔