بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے سادہ لوح شہریوں سے دھوکہ دہی کے واقعات کی روک تھام کیلئے حکمت عملی وضع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کی وزیر مملکت شیزہ فاطمہ خواجہ سے ملاقات کے دوران بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کو بدنام کرنے کے لئے دھوکہ دہی کے واقعات سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی معاونت سے قومی سطح کی حکمت علی وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سینیٹر روبینہ خالد نے تکنیکی مہارتوں کے ذریعے غربت میں کمی کے بارے میںجاری کوششوں کو اجاگر کیا۔انہوں نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے خاندانوں کے لئے آئی ٹی سے متعلق کورسز اور اداروں کے قیام کی سفارش کی۔انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی رقوم کی شفاف منتقلی اور دھوکہ دہی کے واقعات کی روک تھام کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کوایک جامع ڈیجیٹل حل پیش کرے گی۔ شزہ فاطمہ خواجہ نے مستحق افراد کو امدادی رقوم کی منتقلی کے لئے ڈیجیٹل حکمت عملی کی تیاری میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔