Saturday, 03 May 2025, 08:49:10 am
 
وزیرخزانہ نے پاکستان کی ترقی میں اسلامی ترقیاتی بینک کے کردارکوسراہا
October 25, 2024

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجسیر سے ملاقات کی۔

انہوں نے پاکستان کی ترقی میں بینک کے کردار کو سراہتے ہوئے صحت،تعلیم،ٹرانسپوٹیشن اورتوانائی سمیت مختلف شعبوں میں اس کی مالی امداد کی تعریف کی۔

وزیر خزانہ نے عرب کوآرڈینیشن گروپ کے دیگر ارکان کے ساتھ مہمند ڈیم کی تعمیر میں اسلامی ترقیاتی بینک کی سرمایہ کاری کو سراہا اور کہا کہ مستقبل میں اس طرح کی شراکت داری بڑے منصوبوں کے لئے ایک مثال ثابت ہوگی۔

وزیر خزانہ نے مشرق بینک کی قیادت سے بھی ملاقات کی۔

انہوںنے بینک کی دیرینہ شراکت داری کی تعریف کرتے ہوئے گزشتہ ایک سال کے دوران ملک کی معاشی کارکردگی کو اجاگر کیا۔

وزیر خزانہ نے پاکستان میں بینک کے آپریشنز کو توسیع دینے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ بینک جلد ہی نئے دفاتر بھی قائم کرے گا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میںJPM MORGAN بینک کے نمائندوں کے ساتھ بھی ملاقات کی۔

انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں بہتری کے حوالے سے جائزہ پیش کیا اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈکے ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور معاشی استحکام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔وفاقی وزیر نے ٹیکسوں کے نظام' نجکاری اور ریاستی سرکاری ملکیتی اداروں میں نمایاں اصلاحات بارے میں بتایا۔

انہوں نے ابتدائی پانڈہ بانڈ کے اجراء کے ذریعے انٹرنیشنل کیپٹل مارکیٹ میں داخل ہونے کے لئے پاکستان کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران واشنگٹن میں سٹی بینک،اسٹینڈرڈ چارٹرڈ اور جے پی مورگن کے زیراہتمام سرمایہ کاری فورم کی ایک سیریز میں بھی شرکت کی۔

ان ملاقاتوں کے دوران انہوں نے سرمایہ کاروں کو گزشتہ مالی سال کی اقتصادی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ تمام معاشی اشاریے درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے ٹیکسوں کے نظام،توانائی،سرکاری ملکیتی کاروبار،نجکاری اور حکومت کی رائٹ سائزنگ پالیسی میں کلیدی اصلاحات کو اجاگر کیا۔

محمد اورنگزیب نے جی ڈی پی میں ٹیکسوں میں اضافے کے لئے صوبائی حکومتوں کے کردار پر زور دیا اور وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے قومی مالیاتی معاہدے پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے ایف بی آر میں عوام سے متعلق طریقہ کار اور ٹیکنالوجی میں کی گئی اصلاحات کا بھی ذکر کیا۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر نے خودمختار دولت فنڈ،خصوصی اقتصادی زونز اور چین کی بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ توانائی کی خریداری کے معاہدوں پر کی گئی بات چیت سے متعلق سرمایہ کاروں کے سوالات کے جوابات بھی دئیے۔