Saturday, 03 May 2025, 09:19:14 am
 
پہلگام واقعہ،وزیراعظم نے سعودی عرب،یواے ای اورکویت کے سفیروں کو پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا
May 02, 2025

وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی عرب سمیت برادر ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے بھارت پر دبائوڈالیں۔

انہوں نے یہ بات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے جمعہ کے روز اسلام آباد میں ملاقات میں کہی۔

وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

 پہلگام واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کا موقف بیان کرتے ہوئے، شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے تمام مظاہر کی مذمت کرتاہے۔

وزیراعظم نے کسی ثبوت کے بغیر پہلگام واقعہ سے پاکستان کا تعلق جوڑنے کی مذموم کوششوں میں بھارت کی طرف سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات یکسر مسترد کردیے اور اس واقعے کی قابل اعتماد شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کے اپنے موقف کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سعودی عرب سمیت دوست ممالک کے تعاون سے گزشتہ پندرہ ماہ کی محنت سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد کو مستحکم کرنے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔

ملاقات کے دوران شہبازشریف نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہمیشہ یکجہتی کا اظہار کرنے پر سعودی قیادت اور عوام کا شکریہ اداکیا۔

وزیراعظم نے آج متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات کا ثبوت ہے۔

شہبازشریف نے انہیں پہلگام واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں امن و امان کی حالیہ صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے۔

شہبازشریف نے کسی ثبوت کے بغیر پہلگام واقعہ سے پاکستان کا تعلق جوڑنے کی مذموم کوششوں میں بھارت کی طرف سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات یکسر مسترد کردیے۔

وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات سمیت برادر ممالک پر زور دیا کہ وہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے بھارت پر دبائوڈالیں انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن واستحکام کے قیام کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک علاقائی امن وسلامتی قائم رکھنے کیلئے پاکستان کے ساتھ ملکر کام کریگا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسر نے بھی آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیااور کہا کہ وہ کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے جلد پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں۔

اُنہوں نے کویتی سفیر کو جنوبی ایشیا کی حالیہ صورتحال پر پاکستان کے موقف پر اعتماد میں لیا۔وزیر اعظم نے اس بات پر زوردیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان نے نوے ہزار سے زائد انسانی جانوں کی قربانی دی ہے اور ایک سو باون ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان اٹھایا ہے۔

وزیر اعظم نے کوئی ثبوت پیش کئے بغیر پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کردیا۔

کویتی سفیر نے کہا کہ کویت علاقائی امن اور سلامتی کے لیے پاکستان کے نقطہ نظر کا حامی ہے۔