Sunday, 19 January 2025, 07:06:11 pm
 
پی پی پی کے امیدوار سید اویس قادر شاہ سندھ اسمبلی کے سپیکر اور انتھونی نوید ڈپٹی سپیکر منتخب
February 25, 2024

پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سید اویس قادر شاہ نے آج سندھ اسمبلی کے بارہویں سپیکر کی حیثیت سے حلف اٹھایا ۔

سبکدوش ہونے والے سپیکر آغا سراج درانی کے زیر صدارت اسمبلی کے اجلاس میں پولنگ ہوئی ۔

سید اویس قادر شاہ نے ایک سو سینتالیس میں سے ایک سو گیارہ ووٹ حاصل کیئے جبکہ ایم کیوایم کی نامزد امیدوار صوفیہ شاہ کو چھتیس ووٹ ملے ۔

بعد میں اویس شاہ نے سپیکر کی حیثیت سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک عظیم تاریخ رکھنے والی سندھ اسمبلی کا سپیکر منتخب ہونا میرے لیے ایک اعزاز ہے ۔

انہوں نے اعتماد کااظہار کرنے پر پارٹی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا انہوں نے سندھ کے عوام اور اپنے حلقے کے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے انھیں اسمبلی میں نمائندگی کیلئے منتخب کیا ۔

دریں اثنا سندھ اسمبلی میں آج ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار انتھونی نوید ایک سو گیارہ ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے۔

ان کے مدمقابل امیدوار ایم کیو ایم پاکستان کے راشد خان نے چھتیس ووٹ حاصل کیے۔