صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کی تمام خواتین سفارتکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کاوشیں دنیا کے ساتھ سنجیدگی، نظم و ضبط اور مقصدیت کے ساتھ روابط استوار کرنے کی قومی کوششوں کا اہم حصہ ہیں۔
خواتین کے سفارتکاری کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے ان خواتین کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے اقوام کے درمیان مکالمے، باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دیں۔
سفارتکاری اور عوامی زندگی میں خواتین کے طویل اور موثر کردار کو اجاگر کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے بیگم رعنا لیاقت علی خان کا ذکر کیا جنہوں نے ملک کے ابتدائی برسوں میں بیرونِ ملک پاکستان کی نمائندگی وقار اور امتیاز کے ساتھ کی۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیرِاعظم تھیں جنہوں نے پاکستان کے بین الاقوامی روابط کو وسعت دی اور عالمی فورمز پر ملک کے مقام کو مزید مضبوط بنایا۔
صدر مملکت نے عوامی خدمات کے شعبے میں خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔