وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے فروغ کے لئے اپنا موثر کردار جاری رکھے گا۔
اسلام آباد میں ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ وفود کی سطح کے مذاکرات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر ممالک ہیں اور پاکستان حقیقی برادرانہ جذبے کے تحت تہران کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑے گا۔
شہباز شریف نے بحران کے دوران ایرانی عوام اور قیادت کے عزم و حوصلے کو بھی سراہا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے غیر معمولی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شاندار کاوشوں کے نتیجے میں جنگ بندی ممکن ہوئی اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
شہباز شریف نے اس عمل میں برادر ممالک قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے کردار پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور تعمیرِ نو سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران اپنی اپنی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی مفاد کے لئے مل کر کام کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک نہ صرف خطے بلکہ پورے مشرقِ وسطیٰ، خلیج اور جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لئے مشترکہ کوششیں کریں گے۔