ایران امریکہ جنگ بندی اور امن معاہدے میں پاکستان کے قائدانہ اور فعال کردار کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے۔ امن معاہدے کے نتیجے میں پاکستان کا مثبت سفارتی کردار مستحکم ہونے کے علاوہ اہم معاشی فوائد بھی متوقع ہیں۔
بین الاقوامی نیوزایجنسی رائٹرز کے مطابق ایران امریکہ امن معاہدے کی پیش رفت سے پاکستان کا عالمی تشخص بہتر ہوا اور معاشی فوائد اٹھانے کا بھی موقع ملا ہے۔ اندرونی اور بیرونی استحکام فراہم کرنے والا ملک سرمایہ کاری کے لیے زیادہ معتبر اور پرکشش مقام بن جاتا ہے۔
نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ ترقی پر مبنی معاشی ایجنڈا اور امن و استحکام کی ساکھ پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے بہترین مقام بناتے ہیں۔ پاکستان مشرق وسطیٰ کا بڑا حصہ بن کر وسیع معاشی و دفاعی شراکت داری قائم کرسکتا ہے۔
ایران پرپابندیوں میں نرمی پاکستان اور ایران کے درمیان بلوچستان کے ذریعے بڑے تجارتی مواقع پیدا کرسکتی ہے۔ برطانوی وزیر ہیملش فیلکنر نے پاکستانی کردار کو سراہتے ہوئے دوطرفہ وسیع تجارتی امکانات اور دورے کا اعلان کیا۔
بین الاقوامی جریدے مارڈرن ڈپلومیسی نے اس حوالے سے کہا کہ پاکستان کی عالمی ساکھ میں بہتری غیر ملکی سرمایہ کاری، تجارتی مواقع اور مالی تعاون کو راغب کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
ایٹمی طاقت کا حامل پاکستان خطے میں استحکام کا ضامن ہونے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کیلئے بھی ایک پُرکشش مقام ہے۔