Sunday, 23 February 2025, 04:20:16 am
 
نائب وزیراعظم کا یو اے ای کیساتھ کثیر جہتی تعلقات مضبوط بنانےکےعزم کا اعادہ
February 22, 2025

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سینیٹر اسحق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ کثیر جہتی تعلقات کی مضبوطی کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

دبئی میں متحدہ عرب امارات کے اپنے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے ملاقات میں انہوں نے پاکستان کی معاشی ترقی وخوشحالی کیلئے متحدہ عرب امارات کے مسلسل تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

جواب میں شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے پاکستان کے ساتھ تذویراتی شراکت داری مضبوط کرنے کیلئے متحدہ عرب امارات کے عزم کو دوہرایا۔

انہوں نے علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانیوں کے مثبت کردار کو سراہا۔

دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی مفاد میں علاقائی اور عالمی امور پر اشتراک عمل کیلئے باقاعدگی کے ساتھ اعلی سطحی روابط اور مشاورت پر بھی اتفاق کیا۔