Thursday, 02 May 2024, 07:35:05 pm
پاکستان اور یو اے ای کا دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ
April 19, 2024

وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان آج (جمعہ) کی شام ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کے اس بلند حوصلے، مضبوط عزم اور بے مثال کارکردگی کو سراہا جس کے ساتھ انہوں نے حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر کی تعریف کی جنہوں نے ایک بار پھر اپنی شاندار قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور اماراتی عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بھی حالیہ دنوں میں شدید بارشیں ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا اور تجویز دی کہ دونوں ممالک اس شعبے میں اپنے تعاون کو مضبوط کریں۔

متحدہ عرب امارات کے صدر نے وزیراعظم کی نیک تمناؤں کو سراہتے ہوئے پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لئے اپنی نیک تمناؤں اور جذبات کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے کثیر جہتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔