Saturday, 21 December 2024, 09:25:12 pm
 
شزہ فاطمہ کا قومی ڈیجیٹل کمیشن تشکیل دینے کا اعلان
December 16, 2024

انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی وزیر مملکت شزہ فاطمہ خواجہ نے ڈیجیٹل پاکستان کی جانب راہ ہموار کرنے کیلئے ایک قومی ڈیجیٹل کمیشن تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے آج(پیر) اسلام آباد میں نیشنل براڈ بینڈ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اِس حوالے سے آج شام قومی اسمبلی میں قانون سازی کیلئے بحث کی جائے گی۔

وزیر مملکت نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کمیشن کے سربراہ وزیراعظم شہباز شریف ہوں گے اور تمام صوبائی وزراء اعلیٰ اور نادرا اور پی ٹی اے جیسے بڑے سرکاری اداروں سے نمائندگان شامل ہوں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی بعد میں تشکیل دی جائے گی تاکہ ایک جامع قومی لائحہ عمل اور معیشت ، حکومت اور سماج جیسے تین بنیادی شعبوں کے ساتھ ڈیجٹلائزیشن کیلئے ماسٹر پلان کو یقینی بنایا جا سکے۔

شز ہ فاطمہ نے کہا کہ فائیو جی اور فور جی سپیکٹرم کی نیلامی آئندہ سال اپریل میں ہوگی جس سے ملک میں انٹرنیٹ سروسز میں نمایاں بہتری آئے گی۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے ڈیجیٹل ایجنڈے کو تقویت دینے کیلئے سرکاری اور نجی شراکت داری کیلئے موزوں ماحول فراہم کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔