Tuesday, 15 September 2026, 12:32:10 am
 
وزیراعظم فیول ریلیف سکیم، اندراج کا آسان طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے، شزہ فاطمہ
September 14, 2026

انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم سے زیادہ سے زیادہ افراد کا فائدہ یقینی بنانے کے لیے کم سے کم جانچ پڑتال کے ساتھ اندراج کا آسان طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ یہ سکیم دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے صارفین اور آٹھ سو سی سی تک انجن والی گاڑیوں کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکیم کے تحت اہل مستحقین کو فی لیٹر ایک سو روپے کی تیل سبسڈی دی جائے گی۔

رجسٹریشن کے طریقہ کار کی تفصیلات بتاتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر نے کہا کہ اہل درخواست گزار گھر بیٹھے اپنا شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کی نمبر پلیٹ، اپنے صوبے کا پہلا حرف اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ نو سات سات ایک پر بھیج کر اندراج کرا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ مستحقین پیٹرول اسٹیشن جانے سے پہلے ایندھن ریلیف ٹوکن حاصل کرنے کے لیے نو سات سات ایک پر ٹی او کے لکھ کر بھیجیں۔

فیول اسٹیشن ٹوکن نمبر دیکھنے کے بعد اعانتی ایندھن فراہم کرے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ فیول ریلیف اسکیم مستحق افراد کے لیے ہے تاکہ موجودہ صورتحال میں ان کا بوجھ کم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اسکیم کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی یقینی بنانے کے لیے تمام ذرائع استعمال کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کفایت شعاری کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

وزیر پٹرولیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت فیول ریلیف اسکیم کے لیے ماہانہ پچیس ارب روپے فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود حکومت نے معاشرے کے کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔