Tuesday, 15 September 2026, 12:30:30 am
 
لبنانی وزیر داخلہ کی علاقائی امن کیلئے پاکستان کی خدمات کی تعریف
September 14, 2026

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج راولپنڈی میں ان سے ملاقات کی۔

فیلڈ مارشل نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مشترکہ مفاد پر مبنی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور سکیورٹی کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور وسیع تر تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

لبنان کے وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کی تعریف کی۔